لاک ڈاؤن کے لمحات کا مفید استعمال
ایس آئی او وانمباڑی یونٹ کی جانب سے آن لائن کوئز اور قرات کے مقابلوں کا
انعقاد
احسان احمد کے، وانمباڑی (تملناڈو)
کروناوائرس سے بچنے کے لئے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران اسٹوڈنٹس
اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) یونٹ نے فرصت کے لمحات کار آمد بنانے کے
لئے دو آن لائن مقابلوں کوئز اور قرات مسابقہ کا انعقاد عمل میں لایا ہے۔ آن لائن
کوئز مقابلہ چھٹویں جماعت سے نویں جماعت کے طلباء و طالبات کے لئے مخصوص تھا۔ یہ
مقابلہ 8 اپریل سے 12 اپریل تک چلتا رہا۔ ان پانچ دنوں کا یہ معمول تھا کہ صبح کے
10 بجے کوئز کے موضوع کا اعلان کیا جاتا اور شرکاء کو تیاری کے لئے تین گھنٹے کا
وقت دیا جاتا اور دوپہر کے ایک بجے کوئز کے سوالات پوسٹ کئے جاتے۔ اس کوئز میں
انبیاء کرام علیہم السلام (جیسے حضرت آدمؑ، حضرت یونسؑ، حضرت نوحؑ، حضرت موسیٰؑ، حضرت
ابراھیمؑ اور حضرت یوسفؑ) کے واقعات پر مبنی سوالات پوچھے گئے۔ اس مقابلہ میں 150
سے زیادہ طلباء نے شرکت کی جس میں صرف مقامی طلباء ہی نہیں بلکہ کئی دوسرے شہروں
کے طلباء بھی شامل تھے۔ قرات کا مقابلہ 20 اپریل کو منعقد ہوا جو بارہویں جماعت تک
کے طلباء کے لئے تھا۔ اس مقابلہ میں 200 سے زیادہ طلباء نے شرکت کی۔ شرکاء کو
ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنی قرات کے ویڈیو کو منتظمین کے واٹس ایپ نمبر پر بھیج
دیں۔ اس مقابلہ کا اشتہار بہت زیادہ وائرل ہوا جس کی وجہ سے کئی مقامات کے طلباء
نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ہندوستان کے علاوہ سعودی عرب، برونی اور امارات سے بھی دو
ایک طلباء نے شرکت کی۔ ہندوستان کے شہروں میں وانمباڑی کے علاوہ چنئی، بنگلورو،
تریچی اور علی گڑھ سے بچوں نے شرکت کی۔ شرکاء کے ویڈیوس کو ایس آئی او وانمباڑی
یونٹ کے انسٹاگرام ہینڈل پر اپ لوڈ کیا گیا۔ ان دونوں مقابلوں میں جیتنے والے پہلے
تین طلباء کو نقد انعامات سے نوازا گیا اس کے علاوہ سارے ہی شرکاء کو ڈیجیٹل
سرٹیفیکیٹس بھیجے گئے۔ بچوں کے اندر وقت کا بہتر استعمال کرنے، بیکار اور وقت کے
زیاں سے بچنے کی تمیز پیدا کرنے کی اس کوشش کے لئے ایس آئی او کو خوب سراہا گیا
ہے۔
یہ رپورٹ ہفت روزہ "دعوت" کے 10 مئی 2020ء کے شمارے میں شائع ہوئی تھی۔



Comments
Post a Comment